پاکستان کا پانی بند کر دیں گے: بھارتی وزیر کی دھمکی

Nitin Gadkari

Nitin Gadkari

ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی وزیر آبی وسائل نتن گاڈکری نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے کے ردِ عمل میں بھارت پاکستانی دریاؤں کا رخ بدل کر اس کا پانی روک سکتا ہے۔

خبر کے مطابق، آبی وسائل کے وزیر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندرا مودی کی قیادت میں ہماری حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کی جانب بہنے والے دریاؤں کا پانی بند کردیا جائے چنانچہ بھارت مشرقی دریاؤں کا پانی روک کر اسے جموں و کشمیر اور بھارتی پنجاب کی جانب موڑ سکتا ہے۔

وزیر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ دریائے چناب پر بھارت پہلے ہی دو بیراجوں کی تعمیر شروع کرچکا ہے۔

یاد رہے کہ دونوں ممالک 6 دریاؤں کا پانی استعمال کرتے ہیں جن میں ستلج، راوی، بیاس، دریائے سندھ اور جہلم شامل ہیں۔

پاکستانی پانیوں پر بھارت کی جانب سے بنائے جانے والے بیراجوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ان کی تعمیر اور پانی کی تقسیم پر تنازعہ بھی جاری ہے۔