کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پانی کی قلت کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا ظفر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت صرف 10 فیصد ہے جبکہ اہم مسئلہ پانی کی قیمت کا تعین نہ ہونا ہے۔
کراچی میں مقامی ہوٹل میں جنگ گروپ کے زیر اہتمام پانی کی قلت کے موضوع پر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چیئرمین واپڈا ظفر محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آبادی میں اضافے کی وجہ سے پانی کے مسائل کا سامنا ہے، پاکستان کا 90 فیصد پانی کاشتکاری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن پانی کی قیمت کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے صرف 25 فیصد لاگت ہی وصول ہوتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پانی کی پالیسی نہ بننے کی وجہ سے بھی مسائل کا سامنا ہے جبکہ پاکستان میں پانی ذخیرہ کرنے کی قوت صرف 10 فیصد ہے جس کو بڑ ھانے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کاشتکاری کی تکنیک میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔