اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہمارے کوئی جارحانہ عزائم نہیں بلکہ دنیا اعتراف کرتی ہے کہ پاکستان کے ہتھیار محفوظ ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپان کے 3 روزہ دورے کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی بھی پاکستانی وزیر خارجہ کا 7 سال بعد جاپان کا پہلا دورہ ہے۔ وزیرخارجہ نے جاپانی قیادت کو پاکستان میں اقتصادی اصلاحات پر بریفنگ دی جب کہ دورے کے دوران دونوں ملکوں میں تعلقات کی بحالی کےعزم کا اظہار کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جاپان دوسری جنگ عظیم کے بعد بڑی اقتصادی طاقت بن چکا ہے، جاپان اپنی صنعت دوسرے ممالک میں منتقل کرنا چاہتا ہے، ہم نے انہیں اپنی صنعتیں پاکستان میں لگانے کی دعوت دی ہے اور جاپانی صنعت کی چین سے پاکستان منتقلی پر بات ہوئی ہے۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ جاپانی وزیر خارجہ کومنی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات سے آگاہ کیا، پاکستان ذمہ دارجوہری طاقت ہے، ہمارے کوئی جارحانہ عزائم نہیں، دنیا اعتراف کرتی ہے کہ پاکستان کے ہتھیار محفوظ ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری نہ ہونے سے زرعی آمدن متاثرہورہی ہے، جاپان ہماری 20 کروڑ آبادی کی فوڈ انڈسٹری سے فائدہ اٹھائے، جاپانی قیادت سے ایف اے ٹی ایف پر تفصیلی بات چیت کے علاوہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالنے پر بات ہوئی جب کہ جاپانی قیادت سے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے پر بھی بات ہوئی۔