پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5 ویں ون ڈے میچ میں شکست دیدی

Pakistan

Pakistan

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پانچ ویں ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر سیریز تین ایک سے جیت لی۔ وزیراعظم نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ٹیم کو سیریز میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

سینٹ لوشیا میں ویسٹ انڈیز کے 242 رنز کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنرز نے اچھا کھیل پیش کیا۔ گرین شرٹس کو پہلا نقصان ناصر جمشید کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ 51 کے مجموعی اسکور پر 23 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔ محمد حفیظ گیارہ رنز بنا کر آٹ ہوئے۔ کپتان مصباح الحق اور احمد شہزاد کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 59 رنز بنے۔ احمد شہزاد 123 کے مجموعی اسکور پر 64 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ حارث سہیل 17 رنز بنا سکے۔ اس موقع پر عمر اکمل نے ایک بار پھر دلیرانہ اننگز کھیلی۔ انہوں نے محض 28 گیندوں پر 37 رنز بنائے اور پاکستان کو فتح کے قریب کر دیا۔

پاکستان کے آخری آٹ ہونے والے کھلاڑی مصباح الحق تھے۔ انہوں نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ میچ کا فیصلہ آخری اوور کی پانچویں گیند پر ہوا۔ شاہد آفریدی 13 اور سعید اجمل ایک رنز پر ناٹ آٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے ٹینو بیسٹ نے تین کھلاڑی آٹ کئے۔ اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 242 رنز بنائے۔ اوپنر چارلس 43 ، سیموئلز 45 اورکپتان ڈیوائن بریوو 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

کرس گیل 21 رنز بنا پائے۔ جنید خان نے تین بلے بازوں کو شکار کیا جبکہ محمد عرفان اور سعید اجمل کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔ مصباح الحق کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو محنت کا پھل مل گیا۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیوائن بریوو نے امپائرنگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اہم فیصلے ویسٹ انڈیز کے خلاف گئے۔ وزیراعظم نواز شریف اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے قومی ٹیم کو سیریز میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔