گیانا (جیوڈیسک) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے انٹر نیشنل آج جارج ٹائون گیانا میں کھیلا جائے گا۔
سن 2019 میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ تک براہ راست رسائی حاصل کرنے کے لیے یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف آخری سیریز 26سال پہلے 1991-92میں پاکستان میں دو صفر سے جیتی تھی۔ اس کے بعد ہونے والی تمام آٹھ ون ڈے سیریز پاکستان نے جیتی تھیں۔ تاہم ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر کہتے ہیں کہ ان کی ٹیم اچھا کھیل کر ون ڈے سیریز جیت سکتی ہے۔
تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ ویسٹ انڈیز نے جیسن محمد کے91رنز کی بدولت پہلا میچ چار وکٹ سے جیتا تھا ۔ پاکستان نے بابر اعظم کی پانچویں سنچری اور حسن علی کی پانچ وکٹوں کی بدولت دوسرے ون ڈے میں 74رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نےشاندار پرفارمنس دی، کامیابی پربہت خوشی ہے، آخری میچ میں پوری کوشش کر کے کامیابی حاصل کریں گے۔