گیانا (جیوڈیسک) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ون ڈے میں چھ وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔ شعیب ملک نے چھکا لگا کر نہ صرف اپنی سنچری مکمل کی بلکہ پاکستان کو تیسرا ون ڈے اور سیریز بھی جتوا دی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز کیا تو پہلی ہی گیند پر اوپنر کامران اکمل بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے۔ پانچویں اوور میں احمد شہزاد تین رنز کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 36 رنز پر گری جب بابر اعظم 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے۔ حفیظ 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 101 رنز نا قابل شکست اننگز کھیلی جبکہ سرفراز احمد بھی 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے ہدف 4 وکٹوں پر عبور کر لیا۔
مین آف دی میچ اور سیریز شعیب ملک نے 101 رنز کی شاندار اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن محمد نے 59 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شائی ہوپ 71 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ پاکستان کے محمد عامر، جنید خان اور شاداب خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔