لاہور (جیوڈیسک) دنیا بھر کے جانوروں کی نایاب نسل کو تحفظ فراہم کرنے، انسان اور جانوروں کے درمیان محبت کے جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے جانوروں کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے ۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں جانوروں کا عالمی دن بھی منایا جا رہا ہے۔
انسان کی انسان سے محبت اور خلوص تو عام بات ہے لیکن انسان کی جانور سے محبت ایک خاص اہمیت رکھتی ہے ۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر کے جانوروں کی نایاب نسل کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے ناپید ہونے سے بچانا اور انسان اور جانوروں کے مابین انسیت کے جذبے کو اجاگر کرنا ہے ۔
پاکستان میں بھی بے شمار افراد ایسے ہیں جو جانوروں کو پالنے کا شوق رکھتے ہیں اور ان میں بلیاں ، کتے ، خرگوش ، بھیڑ ، بکریاں ، گھوڑے ، شیر کے بچے ، مختلف اقسام کے پرندے ، مرغے مرغیاں ، طوطے وغیرہ شامل ہیں۔
اس دن کی مناسبت سے بہت سے تقاریب بھی ہوتی ہیں جن میں جانوروں خصوصاً مویشیوں اور دودھ و گوشت دینے والے جانوروں کی افزائش نسل ، ان کی اہمیت ، انہیں درپیش خطرات اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لئے اقدامات ، لائیو سٹاک فارمنگ کے فروغ اور لائیو سٹاک فارمرز کے مسائل کے حل سمیت اہم امور پر روشنی ڈالی جائے گی۔