کراچی (جیوڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مسیحی برادری اپنا مذہبی تہوار ایسٹر عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔
کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں کے چرچ میں ایسٹر کی مناسبت سے تقاریب منعقد کی گئی ہیں، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں کے گرجا گھروں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔
بچے بڑے سب ہی نے صبح سویرے چرچ پہنچ کر مذہبی فریضے کی ادائیگی کے لیے دعائیہ تقریبات میں شرکت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے مسیحی برادری کو مذہبی تہوار ایسٹر کی مبارک باد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ویٹیکن سٹی کے سینٹ پیٹرز بسیلیکا چرچ میں ایسٹر کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں متعدد افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا کہ ’مایوسی کو پیچھے چھوڑیں اور امید کو دفن نہ ہونے دیں جو چیزیں گزر گئی ہیں ان میں زندگی کے معنی تلاش نہ کریں‘۔
انہوں نے خطاب میں مزید کہا کہ مسیحی برادری کو مشکلات کا سامنا ہے لیکن ہمیں حضرت عیسیٰ کی تعلیمات پر چلنا چاہیے اور صبر برداشت سے کام لینا چاہیے‘۔
یاد رہے کہ ہر سال دنیا بھر میں مسیحی برادری ایسٹر کا تہوار مناتی ہے جس کے دوران مہمانوں کی آؤ بھگت کے لئے انواع و اقسام کے کیک، بسکٹ اور دیگر ڈشز تیار کی جاتی ہیں۔
ایسٹر کے تہوار سے جُڑی سب سے دلچسپ روایت ‘ایسٹر ایگز’ کی ہے، بچے نہایت شوق اور دلچسپی کے ساتھ انڈوں کو قوس و قزاح کے رنگوں میں رنگ دیتے ہیں جس کے بعد عزیز و اقارب کے ساتھ کھیل کے مقابلوں میں انہیں استعمال کیا جاتا ہے۔