اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروسز 7 گھنٹے کی بندش کے بعد بحال ہو گئیں۔
فیس بک اور واٹس ایپ نے واضح طور پر ایپلیکیشنز کی بندش کی کوئی وجہ نہیں بتائی تاہم ماہرین کی جانب سےمختلف وجوہات بتائی جارہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فیس بک ویب نظام میں تبدیلی کی وجہ سے مسئلہ پید اہوا ہے۔
برطانوی میڈیا کے دعوے کے مطابق سرورکو اپ ڈیٹ کرنے میں مسئلہ پیدا ہوا تھا جس کے باعث ایپلیکیشن سروسز متاثر ہوئیں۔
دوسری جانب ویب سائٹ سکیورٹی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ٹریفک راؤٹنگ مسائل کےباعث سروسز انٹرنیٹ سے غائب رہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز دنیا بھر میں مذکورہ سوشل میڈیا ایپلیکیشن کی سروس پاکستانی وقت کے مطابق تقریباً رات ساڑھے آٹھ بجے متاثر ہوئی تھیں اور محض ٹوئٹر سماجی رابطوں کی بڑی ویب سائٹ تھی جو بحال رہی لہٰذا صارفین ٹوئٹر پر ہی اپنی مایوسی کا اظہار کرتے رہے۔
اس دوران کروڑوں صارفین کومشکلات کا سامنا رہا جبکہ اس حوالے سے فیس بک انتظامیہ کی جانب سے صارفین کے لیے معذرت کااظہار بھی کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، سوشل میڈیا ایپلیکیشن کی کئی گھنٹوں کی بندش سےکمپنی کو 12 کھرب روپے سے زائد کے نقصان کا تخمینہ برداشت کرنا پڑا جبکہ سروس معطل ہونے سے دنیا کی معیشت کو 160 ملین ڈالر کا نقصان ہوا۔