عالمی منڈی کی نسبت پاکستان میں مہنگائی عروج پر

Inflation

Inflation

اسلام آباد (جیوڈیسک) سال دو ہزار چودہ میں عالمی مارکیٹ میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ساڑھے تین فیصد تک کی کمی ریکارڈ کی گئی، پاکستان میں اس کے برعکس قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ گزشتہ تین سال سے جاری ہے اور سال دوہزار چودہ میں بھی خام تیل کی قیمتوں میں تین اعشاریہ سات فیصد تک کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

گزشتہ سال گندم چاول اور دیگر سیریلز کی اشیاء قیمتوں میں ساڑھے بارہ فیصد جب کہ ڈیری مصنوعات، خوردنی تیل اور چینی کی قیمتیں پانچ سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔

البتہ عالمی سطح پر گوشت کی قیمت آٹھ فیصد اضافے کے ساتھ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ پاکستان میں صورتحال بالکل الٹ رہی۔ گیس کی قیمت میں اضافے سے تندوری روٹی دس روپے کی ہوگئی۔

دالوں کی قیمت میں دس سے چھتیس روپے فی کلو کا اضافہ ہوا۔ بکرے کا گوشت سو روپے اور گائے کا گوشت چالیس روپے مہنگا ہوا۔