اسلام آباد (جیوڈیسک) آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم ماحولیات منایا جا رہا ہے جس کا مقصد خوراک کے ضیاع کے خلاف عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ تیز رفتار ترقی کے باوجود دنیا میں آج بھی کروڑوں لوگ بھوکے سونے پر مجبور ہیں۔ حسرت بھری نظروں سے کھانے کو دیکھتا بلال چھوٹے سے ڈھابے کے باہر دن بھر سائیکلوں کے پنکچر لگاتا ہے۔
یہ کھانا اس معصوم کی بھوک تو نہ مٹا سکا البتہ کوڑے کی ٹوکری کی نذر ہو گیا اور یہ ہیں عدنان جو کھانا کھاتے کم اور ضائع زیادہ کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے خوراک و ذراعت کے ادراے کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر سات میں سے ایک شخص بھوکا سوتا ہے۔
ہر روز بیس ہزار بچے بھوک کی وجہ سے دم توڑتے ہیں۔ہر سال ایک ارب تیس کروڑ ٹن کھانا ضائع کیا جاتا ہے جو خواراک کی کل پیداوار کا ایک تہائی حصہ ہے۔ خوراک کے ضیاع سے جہاں قدرتی وسائل پر بوجھ بڑھتا ہے، ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے تو وہیں خوراک کی کمی سے بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں۔