کراچی (جیوڈیسک) زندگی کی دھوپ چھائوں میں پرورش کرنے والی ہستی سے اقرار محبت کرنے کے لئے دنیا بھر میں فادرز ڈے منایا جارہاہے۔ کہتے ہیں ماں کے پائوں تلے جنت ہے تو اس جنت کا دروازہ باپ کی دعا سے ہی کھلتا ہے۔
مگر اس دنیا میں بے شمار ایسے بچے ہیں جو باپ کی محبت اور شفقت کے بغیر ہی زندگی گزار رہے ہیں۔ پیارے پیارے معصوم پھول جنہیں اپنے بابا یاد ہیں مگر وہ نہ تو ان سے ملنے آتے ہیں اور نہ ہی انہیں منو ، پپواور گڈو کی ذمہ داری کا احساس ہے۔
شیلٹرز ہومز میں پرورش پاتے کئی بچے سارا دن اپنے ابوکی کمی کو محسوس کرتے ہیں۔ فاد ر ڈے تو انہیں خوشی دینے کے بجا ئے اداس کرجاتا ہے۔ہر بچے کی اپنی کہانی ہے ، کوئی غربت کے باعث باپ کی شفقت سے محروم ہوگیا تو کوئی ماں باپ کی نااتفاقی کی بھینٹ چڑھا ہوا ہے۔
کھیلتے کودے اور بظاہر خوش دکھائی دیتے یہ پھول ہر لمحہ باپ کی محبت میں تڑپتے ہیں ماں جتنا بھی دلاسا دے مگر والد کی کمی کون پوری کرسکتا ہے۔ باپ کی شفقت سے محروم یہ ننھے منے بچے ہردم والد کی کمی کو شدت سے محسوس کرتے ہیں، آج کادن ان کے لئے خاص ہوتا اگر ان کے سروں پر ان کے والد کا سایہ ہو تا۔