پاکستان سمیت دنیا بھر میں ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اراکین نے عالمی یوم ارتھ آوورز ڈے منایا
Posted on April 1, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز, لاہور
لاہور: پاکستان سمیت دنیا بھر میں ڈبلیو ڈبلیو ایف کے اراکین نے عالمی یوم ”ارتھ آوورز ڈے” منایا۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے پاکستان میں رکن عبدالمعیز نے ماڈل ٹائون کیو بلاک میں واقع پنجاب ماڈل ہائی (ویلفیئر) سکول میں ایک تقریب منعقد کی۔ تقریب کا انعقاد غیر سرکاری سماجی تنظیم ”سیو دی ڈیزرونگ چلڈرن” نے کیا تھا جبکہ اس کی صدارت تنظیم کے چیئرمین اظہر محمود نے کی۔
اس موقع پر عبدالمعیز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ارتھ آوورز ڈے منانے کا بنیادی مقصد زمین سے محبت سے اظہار اور اسے ہر قسم کی آلودگیوں سے پاک رکھنے کا عزم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور ارض کو فطرت کے مطابق بنانے کیلئے ہر شخص کو اپنی مصروف زندگی میں سے روزانہ صرف ایک گھنٹہ وقف کرنا ہو گا۔ سیو دی ڈیزرونگ چلڈرن کے چیئرمین نے اس موقع پر اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ نیچر کی حفاظت ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے اور اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر کو گلوبل وارمنگ اور زمین کو متعدد قسم کی آلودگیوں جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل سے نبرد آزما ہونے کیلئے سرکاری اور نجی سطح پر قائم تمام تعلیمی اداروں میں بالخصوص پرائمری کے بچوں کو نیچر کے مطابق زندگی بسر کرنے کی تربیت دی جائے تاکہ آنے والوں وقتوں میں زمینی وسائل سے خود کو محفوظ بنا سکیں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com