اسلام آباد (جیوڈیسک) عالمی تنظیم سیو دی چلڈرن نے نومولود بچوں سے متعلق سال 2012 کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں ہر سال 2 لاکھ بچے پیدائش کے روز موت کا شکار ہو جاتے ہیں جبکہ ہر ہزار میں سے 55 نومولود بچے ہلاک ہو جاتے ہیں جبکہ ایک گھنٹے میں تین خواتین زچگی کی وجہ سے موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔
رپورٹ بتاتی ہے کہ دنیا بھر میں گزشتہ 12 سال میں نومولود بچوں کی شرح اموات 50 فیصد کم ہو گئی ہے لیکن پاکستان نومولود بچوں کی شرح اموات پر قابو پانے میں کامیابی حاصل نہیں کر سکا۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میلنیم ڈویلمپنٹ گولز کے ہدف نمبر چار اور پانچ کے حصول میں ناکام رہا ہے۔
میلینیم گولز کے مطابق نومولود بچوں اور ماؤں کی شرح اموات پر قابو پانا شامل ہے۔ پاکستان میں بچوں کی اموات کی بڑی وجہ نمونیا اور ہیضہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2012ء میں دنیا بھر میں 29 لاکھ بچے پیدائش کے پہلے 28 دنوں میں ہی انتقال کر گئے جن میں سے 10 لاکھ بچے پیدائش کے پہلے روز لقمہ اجل بنے۔