لاہور (جیوڈیسک) پاکستانی بچے نے کم عمر ترین آئی ٹی سیکیورٹی سرٹیفائیڈ کا اعزاز حاصل کر کے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔
لاہور کے علاقے قلعہ لکشمن سنگھ سے تعلق رکھنے والے 8 سالہ محمد ہزیر نے انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکیورٹی کا امتحان انٹرنیشنل کمپیوٹر ڈرائیونگ لائسنس سے پاس کیا جہاں مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 سے زائد طلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ہزیر نے آئی ٹی سیکیورٹی کے امتحان میں 78 فیصد نمبر حاصل کئے۔
اس موقع پر محمد ہزیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے راولپنڈی پولیس کی ویب سائٹ ہیک ہونے کے بعد مجھے اندازہ ہوا کہ ہماری حکومت کا سیکیورٹی لیول نہایت کمزور ہے جس بعد میں نے آئی ٹی سیکیورٹی کی کلاسز لینے کا فیصلہ کیا۔
محمد ہزیر 3 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور ایک نجی اسکول میں چوتھی جماعت کا طالب علم ہے، ہزیرکے اہل خانہ اس کی اِس بڑی کامیابی پر پھولے نہیں سمارہے اور خاندان والوں کا کہنا ہے کہ ہزیر گھرمیں عام بچوں کی طرح کھیل کود کی بجائے لیپ ٹاپ کے ساتھ وقت گزارتا ہے جب کہ اس کے چھوٹے بہن بھائی بھی اس کی دیکھا دیکھی یہی کام کرتے نظر آتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی لڑکی ارفع کریم رندھاوا نے 9 برس کی عمر میں مائیکر و سافٹ پروفیشنل کا امتحان پاس کر کے کم عمر ترین مائیکر و سافٹ سرٹیفائیڈ کا اعزاز حاصل کیا تھا تاہم وہ طویل علالت کے بعد جنوری 2012 میں 16 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔