نیویارک (جیوڈیسک) امریکی تھنک ٹینکس نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان آئندہ 5 سے 10 سالوں میں 350 ایٹمی ہتھیار بنا کر ایٹمی ہتھیار رکھنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک بن جائے گا۔
امریکی تھنک ٹینکس کارنیج انڈومنٹ فار انٹرنینشنل پیس اور اسٹمسن سینٹر نے اپنی رپورٹس میں انکشاف کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی جانب سے مسلسل ایٹمی ہتھیاروں کی خریداری اور تیاری کے باعث اپنی ایٹمی صلاحیت میں اضافے کے لئے تیزی سے ایٹمی وار ہیڈ بنا رہا ہے اور اس ٹیکنالوجی میں بھارت کو پیچھے چھوڑ چکا ہے۔ بھارت کے پاس اس وقت 100 ایٹمی وار ہیڈ ہیں جب کہ پاکستان کے وار ہیڈز کی تعداد 120 ہے اور پاکستان سالانہ 20 وار ہیڈ تیار کر رہا ہے۔
تھنک ٹینکس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان آئندہ 5 سے 10 سالوں میں 350 ایٹمی ہتھیار بنا لے گا جوکہ اسے امریکا اور روس کے بعد سب سے زیادہ ایٹمی ہتھیار تیار کرنے والا دنیا کا تیسرا بڑا ملک بنا دے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کی بڑھوتری حکام کی جانب سے فراہم کی گئی کم سے کم تباہ کاریوں کی یقین دہائی سے بھی اچھی ہے۔ آئندہ چند برسوں میں پاکستان کا افزودہ شدہ یورینیم کا ذخیرہ جو تیزی سے چھوٹے نیوکلیائی ہتھیار بنا سکتا ہے ملک کے لئے بہت سود مند ثابت ہو گا۔