اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف سعودی قیادت سے یمن مسئلے کے پرامن حل کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ یمن کے تنازع کے حل کیلئے ہماری کوششیں سب کے سامنے ہیں اور ہم انہیں کامیاب ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کشمیر میں مظاہرین کی گرفتاریاں تشویشناک ہیں۔ پاکستان ایسے واقعات کی مذمت کرتا ہے۔
چینی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ اس پر تبصرہ کرنے کی ضرورت نہیں۔ دورے نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھولی ہیں۔ پاکستان سارک میں چین کا سرگرم کردار دیکھنا چاہتا ہے۔
تسنیم اسلم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایران کی سرحد کے اندر ہونے والے واقعات کی تحقیقات میں تعاون کیلئے تیار ہے۔