پاکستانی نوجوان ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کی اہلیت رکھتے ہیں: زبیر حفیظ

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان ملک وقوم کی تقدیر بدلنے کی اہلیت رکھتے ہیں ۔ تعلیم کو صوبوں کو حوالے کرنا ایک سنگین غلطی ہے جس کے نتائج قومی وحدت کے لئے خطرناک ہیں۔

آئین ریاست کو ہر شہری کو مفت تعلیمی سہولیات دینے کا پابند بناتا ہے لیکن حکمران روزانہ آئین کے ساتھ غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ عوام اپنے نمائندوں کو منتخب کرکے اسمبلیوں میں اپنے حقوق کی جدو جہد اور اپنے مسائل کے حل کے لئے بھیجتی ہے مگر اسمبلی ممبران اپنے بنک اکائونٹس میں اضافہ کرنے اور اپنے فوائد کے حصول میں مگن ہو جاتے ہیں۔

ایسی اسمبلیوں کو تالے لگا دینے چاہیں جو قوم کے بچوں کی تعلیم میں سنجیدہ نہ ہوں ۔ قوم کو یکساں نظام تعلیم اور نصاب تعلیم دیا جائے کیوں کہ زبان ، کلچر اور جغرافیائی تغیرات میں گھری قوم کو صرف تعلیم ہی باہم جوڑ سکتی ہے۔

سیمینار سے پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے ایم پی اے ڈاکٹروسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1973ء کے آئین کے بعد جتنے بھی بجٹ پیش ہوئے کسی بھی حکومت نے تعلیم کے بجٹ میں اضافہ نہیں کیا۔کرپشن کی دیمک نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے ۔ کمیشن مافیا نے جہاں دیگر شعبوں کو تباہ کیا وہیں تعلیم کے شعبے کا بھی جنازہ نکال دیا ہے، میٹرک تک یکساں نصاب تعلیم رائج کیا جائے۔

نیشنل کریکولم اتھارٹی قائم کرکے وفاقی سطح پر نصاب تعلیم تیار کیا جائے، سائنس اور ٹیکنالوجی کے مضامین میں جدت لائی جائے، سرکاری جامعات کا تحقیق کا طریقہ کار بہتر بنایا جائے۔ اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے زیر اہتمام ہونے والے اس سینمار سے سنئیرتجزیہ کاراور معروف پروگرام دادا پوتا شو کے میزبان رضوان رضی، رہنما جماعت اسلامی حافظ سلمان بٹ ، سئینر اینکر دنیا ٹی وی حبیب اکرم ، رہنما پاکستان پیپلز پارٹی نوید چوہدری ، نائب صدر جمعت علمائے اسلام محترم ظہیر الدین بابرنے خطاب کیا۔

مقررین نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تعلیمی بجٹ کو پانچ فیصد کیا جائے ، نئے تعلیمی ادارے قائم کئے جائیں اور ناگفتہ بہ تعلیمی اداروں کی حالت کو سدھارا جائے۔

عمر بن اظہر
سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہلاہور
0321-9409301