پاکستانی نوجوان محب وطن اور اسلام پسند ہے: محمد زبیر حفیظ

Lahore

Lahore

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ کا کہاہے کہ پاکستانی نوجوان محب وطن اوراسلام پسند ہے، ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے امین پاکستان کے نوجوان ہیں ، دنیا میں واحد قوم ہے جس کا ایک بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل یوتھ فورم (IYF)کے سالانہ اجلاس جو کہ ترکی کے شہر استنبول میں جاری ہے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ملک کی تعمیر اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ آگے بڑھنے کے مواقع کی کمی ہونے کی وجہ سے نوجوان اپنا کردار ادا نہیں کرسکتے اس کی بڑی وجہ ملک میں پرچی سسٹم اور سفارشی کلچر کا رجحان ہے۔

اس کے باوجود اقوام عالم میں پاکستانی نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ غربت ،بے روزگاری اور محدود وسائل نوجوانوں کو مایوسی کی جانب دھکیل رہے ہیں، مخصوص پروپیگنڈے کے ذریعے نوجوانوں کو اسلام سے دور کیا جا رہا ہے۔ اقوام عالم کی پالیسیاں نفرتوں کو جنم دے رہی ہیں ، جس کی وجہ سے دہشت گردی اور انتہا پسندی فروغ پاتی ہے۔

دنیا بھر میں پاکستان کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کیا گیا ہے، پاکستانی نوجوان اپنی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے ذریعے اس کا توڑ کرنے کی کوششیں کر رہے۔ ناظم اعلیٰ نے ”پاکستان کا نوجوان اور اس کا عالمی کردار ‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا سرمایہ افتخار ہوتے ہیں دنیا بھر میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہو گا۔