پاکستان میں یوٹیوب دو سال سے بند ،طلبا کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر

YouTube

YouTube

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں انٹرنیٹ کی معروف ویب سائٹ یوٹیوب دو سال سے بند ہے۔ اس ویب سائٹ کی بندش سے نوجوانوں خصوصا طلبا کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔ دور حاضر میں روز بروز ہونے والی ایجادات اور ترقی نے انسانوں کی زندگی کو سہل بنادیا ہے۔

انٹرنیٹ بھی اِنھی سہولتوں میں سے ایک ہے، جس نے دنیا کو سمیٹ کر گلوبل ویلج میں تبدیل کر دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں میں انٹرنیٹ کا بڑھتا ہوا رجحان نہ صرف تفریحی بلکہ تعلیمی سرگرمیوں میں بھی اپنا اثر دکھا رہاہے۔

نوجوانوں کی بڑی تعداد تعلیمی مقاصد کے لئے مختلف سرچ انجن ، لنکس اور ویب سائٹس کا استعمال کرتی ہے۔ یوٹیوب بھی ایک ایسی ویب سائٹ ہے جس کا استعمال نہ صرف آسان بلکہ معلومات سے بھرپور ہے، لیکن ملک میں دو برسوں سے یو ٹیوب کی بندش سے نوجوانوں کو مشکلات درپیش ہیں۔

ستمبر 2012 میں یوٹیوب پر اسلام مخالف اشتعال انگیز مواد پر حکومت کی ہدایات پر پی ٹی اے نے یو ٹیوب پر پابندی عائد کی جو اب بھی برقرار ہے۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ حکومت اُس مواد کو Ban کرے جو اشتعال کا بنیاد ہیں ، پوری سائٹ کو بند کرنا درست نہیں ہے۔

یوٹیوب کی بندش کے باعث پاکستان میں لوگ مختلف طریقوں سے اس ویب سائٹ کو کھول کر کام کر رہے ہیں، خصوصا پراکسی کے ذریعے اس کا استعمال ہورہا ہے لیکن نوجوانوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی پابندی سے انکو تعلیمی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اب حکومت کو اس مسئلے کا سنجیدگی سے حل نکالنا ہو گا۔