پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ زرداری اور شریف امیر بنیں: وزیراعظم

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپوزیشن جماعتوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ یہاں زرداری اور شریف امیر بنیں۔

یونیورسٹی آف مالاکنڈ کے نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا 30 سال میں ملک کا پیسا چوری کیا گیا، ان کو خود نہیں پتا ان کے پاس کتنا پیسا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا یہ ان کے پیسے کی لعنت ہی ہے جس کی وجہ سے ان کے بچے جھوٹ بول رہے ہیں، لعنت ہے ایسے پیسے پر، کبھی اسپتال جاتے ہیں اور کبھی جیل جاتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا ن لیگ نے ڈھائی سال میں 20 ہزار ارب روپے قرض بمعہ سود روپے ادا کیے جب کہ ہم نے ڈھائی سال میں قرضہ بمعہ سود 35 ہزار ارب روپے ادا کیے، دوستوں نے ہماری مدد کی اور ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔

انہوں نے کہا کہ جب اتنے زیادہ قرضے واپس ہوں تو تعلیم، اسپتال اور سڑکوں کے لیے پیسے نہیں بچتے، ہمارے لیے یہ سب عبرت ناک چیزیں ہیں۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا یہ ملک اس لیے نہیں بنا تھا کہ ٹاٹا، برلا کی طرح یہاں شریف اور زرداری امیر بنیں۔