لاہور (جیوڈیسک) زمبابوے کی کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ چکی، پہلا ٹی ٹونٹی جمعے کو لاہور قذافی سٹیڈیم میں ہوگا۔ ایسے میں راولپنڈی کے کرکٹ شائقین پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر خوش تو ہیں لیکن پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کو نظر انداز کرنے پر کچھ ناراض بھی ہیں۔
پاکستان میں کرکٹ کے میدان پھر سے سجنے کو ہیں ۔ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم جمعے کے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچ سے اپنے دورے کا آغاز کرے گی اور قوم طویل انتظار کے بعد پاکستانی شاہینوں کو اپنی سرزمین پر انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے مدمقابل دیکھے گی۔
راولپنڈی کے شائقین زمبابوے ٹیم کی آمد کو پاکستان کرکٹ کے لیے انتہائی خوش آئند قرار دے رہے ہیں لیکن اس بات پر دکھی ہیں کہ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کو ایک بار پھر کرکٹ میچز کی میزبانی سے محروم رکھا گیا ہے۔
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ مستقبل میں پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں انٹرنیشنل کرکٹ میچز کا انعقاد ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ اس سٹیڈیم کی رونقیں پھر سے بحال ہو سکیں۔