ممبئی (جیوڈیسک) پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی بھارت میں شادی سے متعلق خبریں گردش کرنے لگیں جب کہ اس حوالے سے بالی ووڈ اداکار عرفان خان کا کہنا ہےکہ انہوں نے پاکستانی اداکارہ صبا قمر کی بھارت میں شادی کے حوالے سے سنا ہے۔
پاکستانی اداکارہ صبا قمر بالی ووڈ میں بھی قدم رکھ چکی ہیں اور جلد ہی وراسٹائل ہیرو عرفان خان کے ساتھ فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ میں نظر آئیں گی جب کہ فلم کی شوٹنگ سے قبل ہی پاکستانی اداکارہ کی فلم سے آؤٹ ہونے کی خبریں زیر گردش ہیں لیکن اب صبا قمر کے ساتھی اداکار نے بڑا انکشاف کرکے پاکستانیوں اور بھارتیوں کو حیران کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عرفان خان نے فلم میں صبا قمر کی حتمی کاسٹ سے متعلق بتایا کہ صبا قمر کی جگہ کسی متبادل اداکارہ کو کاسٹ نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان کے جانے کا علم ہے جب کہ فلم کی نمائش کی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا گیا جس کے باعث افواہیں چلتی رہتی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں اداکار نے کہا کہ میں نے سنا ہے کہ صبا نے بھارت میں شادی کرلی ہے اور اب وہ بھارتی ہوگئی ہیں۔
دوسری جانب عرفان خان کے صبا قمر سے متعلق بیان پر پاکستانی اور بھارتی مداح حیران ہیں لیکن اب شادی سے متعلق سچائی کے بارے میں صبا قمرہی تردید یا تصدیق کرسکتی ہیں۔