اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستانی فضائیہ کا بغیر پائلٹ کا طیارہ پیر کو صوبہ پنجاب کے ضلع میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔
فضائیہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ بغیر پائلٹ کا طیارہ یعنی ’ڈرون‘ معمول کے تربیتی مشن پر تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا۔
فضائیہ کے مطابق طیارہ زمین پر گرنے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم اس واقعہ کی وجوہات جاننے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مارچ 2015 میں پاکستان کی طرف سے باضابطہ طور پر یہ اعلان کیا گیا تھا کہ اُس نے اندرون ملک ‘براق’ نامی ڈرون اور براق لیزر گائیڈڈ میزائل تیار کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل یعنی 24 ستمبر کو پاکستان فضائیہ کا ایک طیارہ افغان سرحد کے قریب قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں جمرود کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس سے طیارے کا پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا۔
فضائیہ کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ جس طیارے کو یہ حادثہ پیش آیا وہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔
فضائیہ کے طیاروں کو یہ حادثے ایسے وقت پیش آئے جب گزشتہ ہفتے ہی پاکستانی فضائیہ کی طرف سے ’ہائی مارک 2016‘ نامی مشقوں کا آغاز کیا گیا۔