واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے پینٹاگون کا دورہ کیا اور وزیر دفاع جیمز میٹس سے ملاقات کی۔
پاکستان کی درخواست پر کی گئی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علی جہانگیر صدیقی نے 30 مئی کو پاکستانی سفیر کی حیثیت سے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔
ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا—۔جیو نیوز چارج سنبھالنے کے فوری بعد امریکا میں مقیم پاکستانی برادری کے سرکردہ ارکان کے نام لکھے گئے خط میں علی جہانگیر صدیقی نے تارکین وطن کے تعاون سے بڑے اور دُور رس مقاصد کے حصول کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک امریکا تعلقات میں بڑی بہتری کی گنجائش ہے۔
رواں ماہ 3 جولائی کو امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں سفارتی اسناد پیش کرنے کے بعد امریکی ٹیلی ویژن ‘بلومبرگ’ کو دیئے گئے اپنے پہلے انٹرویو میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے بتایا تھا کہ انہوں نے امریکی حکام کے رویے میں پاکستان کے بارے میں مخالفت نہیں دیکھی۔
ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ 6 سے 9 ماہ میں امریکا کی کئی کمپنیاں پاکستان میں نظر آئیں گی۔