پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حمایت کا جرم، ایک اور بھارتی یونیورسٹی سے 6 طلبہ نکال دیے گئے

India

India

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک اور یونیورسٹی نے ایشیاکپ میں پاک بھارت کرکٹ میچ دیکھنے کے دوران ہوئے تنازعے کے بعد مقبوضہ کشمیرکے طالب علموں کے ساتھ کچھ مزید طالب علموں کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہے۔

6طالب علموں کو ہاسٹل سے نکالا گیا ہے۔ ان میں 4 کشمیری ہیں جبکہ 2 کا تعلق اترپردیش سے ہے۔ شاردا یونیورسٹی کے ڈین اسٹوڈنٹ ویلفیئر رنویر سنگھ نے بتایاکہ 2 مارچ کو میچ کے دوران کچھ طالب علموں نے دوسری طرف یعنی پاکستان کی حمایت کی تھی جس کے بارے میں معمولی تنازع ہواتھا۔ تاہم رنویر سنگھ اس بات سے انکار کرتے ہیں کہ طالب علموں کے خلاف کارروائی پاکستان کی حمایت کرنے کی وجہ سے کی گئی۔

انھوں نے کہا کہ جن 6 طالب علموں کو ہاسٹل سے نکالا گیا ہے ان میں آپس میں تنازع ہواتھا۔ رنویر سنگھ نے کہاکہ سوشل میڈیا پر واقعے کی مخالفت ہوئی ہے اوران پربھی کارروائی کے لیے دبائو ہے۔

انھوں نے بتایا کہ میرٹھ میں ایک یونیورسٹی نے اپنے طالب علموں پر پاکستان کی حمایت کرنے کی وجہ سے کارروائی کی جس کے بعد سوشل میڈیا پر سوال اٹھایا گیا تھاکہ شاردا یونیورسٹی کیوں کارروائی نہیں کررہی۔ رنویرسنگھ نے بتایاکہ شاردا یونیورسٹی میں 150 کشمیری طالب علم ہیں۔ یونیورسٹی کے مطابق طالب علموں کو صرف ہاسٹل سے نکالا گیا ہے جبکہ ان کی تعلیم جاری ہے۔