کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمہوریت کا مطلب عوام کے منتخب نمائندوں پر مشتمل ایسی حکومت ہوتی ہے جو عوام کو روزگار ‘ کاروبار ‘ تعلیم ‘ صحت ‘ انصاف کی فراہمی اور قانون پر عملداری کے ذریعے اس کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے زندگی میں آسانیاں و سہولیات فراہم کرے مگر پاکستان کی جمہوریت کا خمیر کرپشن و استحصال سے اٹھا ہے اور حکمران کرپشن و مظالم کے سوا عوام کیلئے کچھ نہیں کررہے۔
یہ بات پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما امیر علی سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ‘ خان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی‘ عمرا ن چنگیزی و دیگر نے رواں سال غذائی قلت کے باعث ہونے والی معصوم ہلاکتوں کی تعداد 296 سے تجاوز کرجانے پر افسوس و مذمت کرتے ہوئے کہی۔
راجونی اتحاد رہنماوں نے کہا کہ عوام کے بچوں کے منہ سے نوالہ اور ہاتھ سے پانی کا گلاس چھیننے اور عوام پر مظالم و استحصال کی داستانیں رقم کرنے والے یاد رکھیں کہ اللہ کی لاٹھی حرکت میں آئی تو ان کا حال مٹھی اور تھر کے عوام سے زیادہ خراب ہوگا اور انہیں بھی ایسے ہی غم وتکلیف سے گزرنا پڑے گا جن سے مٹھی اور تھر کے عوام گزررہے ہیں۔