پاکستانی ڈراموں میں اردو زبان اور جملوں کی ادائیگی نے متاثر کیا، انوپم کھیر

Anupam Kher

Anupam Kher

کراچی (جیوڈیسک) بھارتی اداکار انوپم کھیر نے کہا ہے کہ انڈین چینلز پر پاکستانی ڈراموں کا نشر ہونا ہماری خواہش تھی جسے پورا کرنے کے لئے بہت عرصے سے دوستوں سے گفتگو جاری تھی اور ہم یہ چاہتے تھے کہ انڈین ڈرامے جس طرح پاکستانی چینلز پر نشر ہورہے ہیں۔ پاکستان کے کھیل بھی یہاں پیش کیے جائیں۔

ممبئی میں ایک تقریب کے دوران بات چیت کرتے ہوئے بھارتی اداکار کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی ڈراموں میں اردو زبان اور جملوں کی ادائیگی سے متاثر ہوتے ہیں۔ طویل عرصے تک ہم پاکستانی ڈرامے دیکھا کرتے تھے اور اپنی اکیڈمیز میں ان کا ذکر کیا کرتے تھے، جس طرح فلم میں پاکستانی عوام بھارتی فنکاروں کو پسند کرتے ہیں ہم پاکستانی ٹی وی ڈراموں کواسی طرح پسند کرتے ہیں۔

انوپم کھیر کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے فنکار اگر مل کر فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے لئے کام کریں تو مزید معیاری ڈرامے اور فلمیں شائقین کو دیکھنے کوملیں گی۔ گزشتہ برسوں میں جو بھی ہمارا فنکار پاکستان جاتا تھا ہم اس کے ذریعے اپنے پاکستانی دوستوں سے یہ پیغام بھیجا کرتے تھے مگر ہمیں اس کام کو کرنے میں خاصا وقت لگا۔