راولپنڈی (جیوڈیسک) براق اور شاہپر فلیٹیس کی پاک فوج میں شمولیت کے حوالے سے خصوصی تقریب راولپنڈی میں ہوئی جس میں پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی، پاک فضایہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ، ڈی جی سٹرٹیجک پلانز ڈویژن خالد احمد قدوائی سمیت مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنس دانوں اور انجنیئرز نے شرکت کی۔
جنرل کیانی نے نیسکام کے سائنسدانوں اور انجیئنرز کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندر تیار کردہ ان بغیر پائلٹ کے جاسوس طیاروں کی مسلح افواج میں شمولیت سے فوج کی قوت بڑھے گی جبکہ زمانہ جنگ میں اہداف کو مکمل طور پر نشانہ بنانے کی صلاحیت بھی حاصل ہو جائے گی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مستقبل میں ان بغیر پائلٹ کے جاسوس طیاروں کو کئی سماجی و معاشی ترقیاتی منصوبوں میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ براق اور شاہپر طیاروں کو پاک فوج کی حالیہ عزم نو سیریز کی مشقوں میں استعمال کیا گیا ہے۔ براق طیارہ 10 گھنٹے تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور 4 سے 5 طیارے ایک وقت میں پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس میں سے ایک طیارہ مرکزی کنٹرول روم سے رابطے میں رہتا ہے۔ اس طیارے کو جدید ترین کیمروں سے لیس کیا گیا ہے اور ان طیاروں کو جاسوسی اور نگرانی کے مقاصد کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ شاہپر طیارہ بھی دس گھنٹے تک فضا میں إڑ سکتا ہے۔
جدید ترقی یافتہ ممالک میں بغیر پائلٹ کے طیارے 4 سے 6 گھنٹے تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان طیاروں کو انتہائی جدید ترین کیمروں سے لیس کیا گیا ہے۔ یہ طیارے رات کے وقت بھی دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان طیاروں میں جو سنسر لگے ہیں وہ بھی پاکستان میں تیار کیے گئے ہیں۔ ان طیاروں کی تیاری کا عمل 2008 ء سے شروع ہوا اور متعدد بار ان طیاروں کو تجرباتی فلائٹ پر چلایا گیا ہے۔