اسلام آباد (جیوڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ کی چیف کرسٹین لوگارڈ نے پاکستانی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معاشی بحران سے نکل کر استحکام کی جانب گامزن ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق آئی ایم ایف چیف کرسٹین لوگارڈ پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر ہیں جنہوں نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں آئی ایم ایف پروگرام کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حكومت نے اپنے دور اقتدار كے دوران قليل مدت ميں بہتر اور ٹھوس اقتصادی پوزيشن حاصل كی ہے۔
انہوں نے كہا كہ پاكستان اب بہتر مالياتی پوزيشن ميں ہے اور يقيناً اقتصادی بحران سے باہر ہے جب کہ پاكستان كی اقتصادی نمو میں بتدريج اضافہ ہوا اور مالياتی خسارہ كم جبكہ افراط زر مسلسل نيچے آ رہا ہے۔ انہوں نے ملك كے سماجی تحفظ كے مضبوط ڈھانچوں اور ٹيكس پاليسی و انتظامی اصلاحات كی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر وزيراعظم نواز شريف نے كہا كہ حكومت كی اقتصادی ٹیم کی انتھک كوششوں سے تين سال كی قليل مدت ميں پاكستان كی معيشت بحال ہوئی ہے، ہم دہشت گردی، معيشت اور بجلی کی قلت كے بڑے چيلنجوں سے كاميابی سے نبرد آزما ہو رہے ہيں جو ہميں گذشتہ حكومتوں سے ورثہ ميں ملے تھے۔