سری نگر (جیوڈیسک) بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے پر حریت رہنما مسرت عالم کو گرفتار جب کہ سید علی شاہ گیلانی کو گھر میں نظربند کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بی جے پی کی جانب سے کابینہ کے اجلاس میں عدم شرکت کی دھمکی کے بعد سری نگر پولیس نے حریت رہنما مسرت عالم کو گرفتار کر لیا ہے جب سید علی شاہ گیلانی بھی گھر میں نظر بند ہیں۔ پولیس نے انہیں غداری کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں بھارت مخالف ریلی میں ’’تیری جان میری جان پاکستان پاکستان‘ ‘ ’’پاکستان کا کیا پیغام کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ ’’تیرا میراکیا ارمان پاکستان پاکستان‘‘ کے نعرے لگائے گئے جب کہ اس دوران بھارتی پولیس کھسیانی بلی کی طرح کھمبا نوچنا شروع ہوگئی اور اس نے کارروائی کرکے نہ صرف متعدد افرادکوگرفتارکرلیا بلکہ پاکستانی پرچم لہرانے پر حریت رہنما سید علی گیلانی اور مسرت عالم سمیت دیگرمقامی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا۔
مسرت عالم اور سید علی شاہ گیلانی کو گزشتہ روز گھر میں نظر بند کر دیا گیا تھا اور کسی کو بھی ان سے ملنے کی اجازت نہ تھی۔