سری نگر (جیوڈیسک) ایک طرف تو بھارتی حکومت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے تو دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج بھی اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے والے نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر میں کشمیری عوام کی جانب سے حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی نظر بندی کے خلاف مظاہرہ کیا جا رہا تھا جس میں مظاہرین نے بھارتی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پاکستانی پرچم لہرا کر اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ مقبوضہ بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر لاٹھی جارچ کیا گیا اور شیلنگ بھی کی گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں 3 نوجوان بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہو گئے۔ تینوں نوجوانوں کو ضلع کپواڑہ میں محاصرے اور تلاشی کے دوران شہید کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شبیر شاہ پاکستانی مشیر خارجہ کی دعوت پر ملاقات کے لئے نئی دلی پہنے تو انہیں بھی حراست میں لے لیا گیا جب کہ بھارتی فورسز کی جانب سے دیگر حریت رہنماؤں کی گرفتاری اور نظر بندی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔