لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی اور قتل و غارت گری کا خاتمہ نظریہ پاکستان کی بنیاد پر ہی ممکن ہے، مشرقی پاکستان کی علیحدگی سے پہلے جو سازشیں کی گئیں آج وہ بلوچستان میں کی جا رہی ہیں۔
قیام پاکستان کی طرح آج بھی نظریہ پاکستان کے دفاع کی تحریک کو گلی محلے کی سطح پر منظم کرنے کی ضرورت ہے، کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان مکمل نہیں، پاکستانی پرچم لہرانے والے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ مرکز القادسیہ میں کارکنان و ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہاکہ پاکستان میں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری، لسانیت اور صوبائیت پرستی پھیلانے میں بھارت بہت زیادہ سرمایہ خرچ کر رہا ہے۔
دشمن کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے قوم کو ایک بار پھر کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد کرنے کی ضرورت ہے۔ سری نگر سمیت پورے کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرائے جارہے ہیں۔ کشمیری نظریہ پاکستان میں ہم سے آگے نکل گئے ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ بیرونی قوتیں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری اوردہشت گردی کے ذریعے پاکستان میں انتشار پھیلاناچاہتی ہیں۔
نئی نسل کو قیام پاکستان کے مقاصد سے صحیح طور پر آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ جب آپ اسلام پر اکٹھے ہوں گے تو سب لڑائی جھگڑے ختم ہو جائیں گے۔ دو قومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والے ملک کو سیکولر بنانے کی خوفناک سازشیں کی جارہی ہیں۔ دریں اثناء جماعت الدعواۃ کے امیر حافظ سعید نے سرائے مغل کے نواحی گائوں پڈھانہ چک 45 میں کشمیر میں شہید ہونے والے دو نوجوانوںمحمد عدنان اور محمد سفیان کی غائبانہ نماز جنازہ میں شریک ہونے والے ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارت ہمارے دریائوں پر بند باندھ کر پانی بند کر کے آبی جارحیت کر رہا ہے۔
حکومت مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرادادوںکے مطابق حل کروائے اورکشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا دلایا جائے۔ را کے ایجنٹ دہشت گردی پھیلا رہے ہیں۔ مسلمانوں کے خلاف تلوار اُٹھانا اور دہشت گردی کرنا جہاد نہیں ہے۔ ناموس رسالت کا قانون تبدیل نہیں کرنے دیا جائے گا۔ مقامی رہنما محمد افضل، چودھری محمد اصغر سمیت علاقے سے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔