اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستانی ہائی کمیشن نے یکم فروری سے برطانیہ کے لیے آن لائن ویزہ درخواستیں دینے کی ہدایت کی ہے۔
لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم فروری سے برمنگھم، بریڈ فورڈ، گلاسکو اور مانچسٹر کے لیے مینول طور پر دی گئی ویزہ کی درخواستوں کو زیر غور نہیں لایا جائے گا۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سمیت برمنگھم، بریڈ فورڈ، گلاسکو اور مانچسٹر کے قونصل جنرلز کے درمیان یہ فیصلہ کیا گیا ہےکہ یکم فروری سے ویزے کے لیے صرف آن لائن درخواستیں ہی قبول کی جائیں گی۔
اس سلسلے پاکستانی حکومت نے بھی جنوری سے ہی مینول طریقے سے ویزے کی درخواستوں کا سلسلہ روکنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد تمام ویزہ درخواستیں جمع کرانے کے لیے آن لائن ویزہ پورٹل کا استعمال کرنا ہوگا۔
واضح رہےکہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے آن لائن ویزے کی سہولتوں کا اعلان کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ 192 ملکوں کے درمیان آن لائن ویزے کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔