لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم کی قربانیوں کی مثال دنیا بھر میں کہیں نہیں ملتی۔ گورنرہاوس لاہور میں امریکی سفیر مسٹر ڈیوڈ ہیل نے رفیق رجوانہ سے ملاقات میں سانحہ گلشن اقبال پارک پر اظہار افسوس اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم نے جتنی قربانیاں دہشت گردی کے ضمن میں دی ہیں اس کی نظیر پوری دنیا میں نہیں ملتی۔ افواج پاکستان کے افسران اور نوجوانوں کی لازوال قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں۔ پاکستانی فوج اور عوام دہشت گردی میں اپنی جانوں کا نذرانہ صرف اپنے دفاع کے لئے نہیں بلکہ پوری دنیا کے بقاء کے لئے دے رہے ہیں۔
امریکی سفیر نے شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بہادر اور مضبوط اعصاب کی مالک قوم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی عوام پاکستان قوم کی قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے پاکستان کو ایک مضبوط اور بااعتماد اتحادی ملک سمجھتے ہیں۔