اسلام آباد (جیوڈیسک) برطانیہ کی کاؤنٹی ساؤتھ یارکشائر کے علاقے روتھرہیم میں واقع میں برطانوی ہاؤس آف لارڈ کے پاکستانی نژاد رکن لارڈ نذیر احمد کے گھر میں چوری کی واردارت کے دوران کئی قیمتی اشیا اور اہم دستاویزات چرا لی گئیں۔
وقوعہ کے وقت لارڈ نذیر احمد گھر پر موجود نہیں تھے۔
لارڈ نذیر کا کہنا تھا کہ ‘وہ لندن میں چلائی جانے والی پاکستان مخالف مہم کے خلاف کام کر رہے ہیں، لہذا واردات میں غیرملکی انٹیلی جنس کا ہاتھ بھی ہو سکتا ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ چوری انتہائی منظم انداز میں کی گئی اور شواہد مٹانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی توڑ دیئے گئے۔
لارڈ نذیر نے شبے کا اظہار کیا کہ ‘یہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہماری مہم کو سبوتاژ کرنےکی کوشش بھی ہوسکتی ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ مجھے پیغام دینے کی کوشش ہے، مگر میں گھبرانے والا نہیں’۔
لارڈ نذیر کا مزید کہنا تھا کہ ہم برطانوی پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سامنے صورتحال رکھیں گے۔