پاکستانی عوام دن بدن کنگال ہو رہی ہے۔ احمد فراز

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) خدمتگار لوٹ مار کی دولت سے اربوں، کھربوں کے اثاثوں کے مالک جبکہ خدمت کروانے والی پاکستانی عوام دن بدن کنگال ہو رہی ہے۔ پاکستان میں دو خاندانوں اور ان کی پارٹیوں نے خدمت کے نام پر گزشتہ تین دہائیوں سے قوم کو بے وقوف بنا رکھا ہے ملک میں سیاست کو بدنام کرنے اور جمہوریت کابیڑہ غرق کرنے میں بھی انہی پارٹیوں کا ہاتھ ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان پارٹیوں کا احتساب ہواور ان سے لوٹی ہوئی دولت کی پائی پائی واپس لی جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے نام نہاد خادموں کو کبھی یہ توفیق نہیں ہوئی کہ محرومیوں کے شکار ،دربدر کی ٹھوکروں پر مجبور غریب خاندانوں کو روزی روٹی کی فراہمی کیساتھ چھت کا آسرا فراہم کیا جائے۔ بار بار عوامی خدمت کے نام پر اقتدار میں آنے والے اپنی اولادوں کیلئے سینکڑوں کنال پر مشتمل بڑے بڑے بنگلے بنانے میں مصروف ہیں ملک کے مختلف شہروں میں قیمتی اراضیوں کے مالک بن چکے ہیں۔

لاہور کے بعد پشاور میں بلاول ہائوس بنانے والے خود کو عام آدمی کی پارٹی سمجھتے ہیں تو وہ بلاول ہائوس کی بجائے پیپلز ہائوسز بنا کر دکھائیں جبکہ دیگر بادشاہ نما جمہوری لیڈر بھی اپنی جائیدادیں غریبوں کے نام وقف کردیں اور بینکوں میں پڑی ہوئی دولت کو ملک میں لاکر غریبوں میں تقسیم کر کے دکھائیں تو مان لیا جائے گا کہ وہ واقعی غریب عوام کا درد رکھتے ہیں۔

احمد فراز لودھی نے کہا کہ اب قوم ان خاندانوں کے جھانسے میں آنے والی نہیں بہت جلد تحریک انصاف ملک میں حکومت بنائے گی اور لوگوں کوبرابری کی سطح پر وسائل کی فراہمی کیلئے کام کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ پاکستانی قوم با ضمیرہے لوگوں کو شعور آگیا وہ جان گئے ہیں کہ ان کیساتھ تین دہائیوں سے دھوکہ کیا جارہا تھا۔ملک میں صرف تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جو ان کے حقوق کی پاسبان ہوگی۔