اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان پر سفری پابندیوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزارت قومی صحت نے اہم اجلاس کل اسلام آباد میں طلب کر لیا، وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کا کہنا ہے کہ تمام ائرپورٹس پر پولیو ویکسین کاونٹر قائم کئے جائیں گے، انہوں نے واضع کیا کہ بین الاقوامی مسافروں پر ویکسین کی شرط فوری نافذ العمل نہیں ہے۔
وزارت قومی صحت نے پاکستانی مسافروں پرسفری پابندیوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا وزارت کے کمیٹی روم میں اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس میں تمام صوبوں کے وزرا صحت، صوبائی حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے سربراہان، سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری سول ایوی ایشن، وزیر اعظم کے معاون برائے خارجہ امور طارق فاطمی، چیئرمین سی ڈی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں ملک کے ائیرپورٹس، بندرگاہوں اور زمینی گزر گاہوں پر ویکسین کی فراہمی کا جائزہ لیا جائے گا ،اجلاس میں ملک بھر میں ویکسین دستیاب اور نئی ویکسین کی خریداری ، ویکسی نیٹرز ، افرادی قوت اور وسائل کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔ اجلاس میں ویکسین سرٹیفیکیٹ کے اجرا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے گا۔
وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے دنیا نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ بین الاقوامی مسافروں کو ملک پانچ سے انٹرنیشنل ائیرپورٹس ، بندگاہوں، پاک بھارت سرحدی علاقوں، پاک ایران، پاک چین اور پاک افغان سرحدوں پر بھی کاونٹر قائم کئے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ دو بندرگاہوں پر بھی خصوصی انتطامات کئے جائیں گے تاہم اس حوالے سے وزارت کو مزید وسائل اور افرادی قوت کی ضرورت ہے۔