پاکستانی پلیئرزکھلاؤ آئی پی ایل بچاؤ ؛ پی سی بی کا بھارت کو مشورہ

PCB

PCB

کراچی (جیوڈیسک) پی سی بی نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ آئی پی ایل کی تیزی سے کم ہوتی مقبولیت کاگراف بلند کرنے کیلیے پاکستانی کرکٹرز کو کھلایا جائے، ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہاکہ کرپشن اور دیگر الزامات کی وجہ سے بھارتی لیگ زوال پذیر ہے، اس بار بیشتر میچز میں آدھے سے زیادہ اسٹیڈیمز خالی رہے۔

تفصیلات کے مطابق اولین ایڈیشن کے بعد سے پاکستانی کرکٹرز کو انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کا چانس نہیں ملا، اس کی وجہ دونوں ممالک کے کشیدہ تعلقات بنے، اب ایک بار پھر پی سی بی نے بھارت سے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز کو ایونٹ میں شمولیت کا موقع دیا جائے، ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارتی لیگ کی مقبولیت کا گراف گر چکا ، کرپشن اور دیگر الزامات کی وجہ سے شائقین کا اعتماد کم ہو گیا، جاری ایونٹ کے بیشتر میچز میں آدھے اسٹیڈیمز خالی نظر آئے، انھوں نے کہا کہ اب بی سی سی آئی کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ وہ اگلے ایڈیشن میں پاکستانی کرکٹرز کو کھلائے اس سے ایونٹ کا گراف پھر سے بڑھے گا، نجم سیٹھی نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کی قدروقیمت آسٹریلیا و انگلش پلیئرز سے کہیں زیادہ ہے۔

میں آئندہ چند ماہ کے دوران بھارت جا کر اس حوالے سے بات چیت کروں گا، ایک سوال پر پی ایس ایل کے روح رواں نے کہا کہ اگر بھارتی بورڈ ہماری اگلی لیگ کیلیے کرکٹرز کو ریلیز کر دے تو یہ بہت اچھا فیصلہ ہوگا۔ نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ بھارت سے8 سیریز طے ہیں، اس سال نہ ہو سکیں تو اگلے برس ہوںگی جس سے بہت زیادہ آمدنی متوقع ہے، دونوں کرکٹ بورڈز تیار صرف حکومتی اجازت کا ہی انتظار ہے، مجھے یقین ہے کہ آج نہیں تو کل برف ضرور پگھلے گی۔