ڈی جی خان (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے لوگ تخت لاہور سے تنگ آ چکے ہیں، پاکستان کو جلد شریف مافیا سے نجات مل جائے گی۔
ڈی جی خان میں جلسے سے خطاب میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہناتھا کہ پاناما کی صورت میں اللہ نے نواز شریف پر سو موٹو ایکشن لے لیا ہے ، نواز شریف نے پیسے منی لانڈرنگ کر کے باہر بھجوائے، ایف آئی اے کی 1998 کی رپورٹ ہے کہ نوازشریف نے منی لانڈرنگ کرکے پیسے باہر بھجوائے، انہوں نے قاضی فیملی کے اکاؤنٹس میں پیسے ڈلوائے۔
عمران خان نے کہا کہ کرپشن سے چھوٹا سا طبقہ امیر ہوتا ہے، جب تک کرپشن ختم نہیں ہو گی، یہاں غربت ختم نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ لوگ مثالی اسلامی ریاست چاہتے تھے، ہمارا ملک فلاحی ریاست بننا تھا، بدقسمتی سے یہاں انصاف نہیں، ہر انسان کو اس کا حق ملنا انصاف ہوتا ہے، کوئی طاقت ور کسی کا حق نہ مار سکے اس کو انصاف کہتے ہیں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ لوگ نیا پاکستان چاہتے ہیں۔