مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) ملک میں امن اور خوشحالی کی خاطر ہر پاکستانی کو قائد اعظم محمد علی جناح کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو غیر مستحکم کرنے والی قوتوں کے مذموم ارادوں کو ناکام بنانے کے لیے ہمیں اپنے باہمی اختلافات کو بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم پی اے مسلم لیگ ن محمد یعقوب ندیم سیٹھی نے قائد اعظم محمد علی جناح کے 138ویں یوم پیدائش کے حوالے اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ قائد اعظم کا شمار 20ویں صدی کے عظیم رہنمائوں میں ہوتا ہے، قائد اعظم کو سالمیت اور ایمانداری کی علامت سمجھا جاتا ہے ۔ قائد اعظم نے ہر شہری کو تعلیم ، صحت، ترقی اور انصاف کے مساوی مواقعوں کے حق کا تصور پیش کیا۔
ندیم سیٹھی نے قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملک میں امن و خوشحالی کی خاطر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے اور انتھک محنت کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم قائد اعظم کے اتحاد، یقین اور تنظیم کے رہنما اصولوں پر عمل کرکے ملک کو امن و ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔