دہلی (جیوڈیسک) دہلی میں جنوبی ایشیا بینڈ فیسٹیول شروع ہو گیا، بھارتی ایوان صدر میں پاکستانیوں کے لیے تالیاں بجائی گئیں۔ راک بینڈ اسٹرنگز نے بھارتی ایوان صدر میں پرفارم کیا تو بھارتی صدر پرناب مکھر جی نے بھی خوب تعریف کی۔
اسٹرنگز ان دنوں ساوتھ ایشین بینڈ فیسٹیول میں شرکت کے لیے بھارتی راج دھانی دلی میں ہیں، فیسٹیول یکم دسمبر تک جاری رہے گا، جمعرات کو اسٹرنگز نے راشٹر پتی بھون میں فیسٹیول سے پہلے ہونے والی تقریب میں شرکت کی، تقریب کے مہمان خصوصی بھارتی صدر پرناب مکھر جی تھے، پرفارمنس کے بعد انہوں نے شرکا کو دو شالہ بھی پہنائے۔
تقریب میں بھارتی اور بنگلادیشی بینڈز نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا، تینوں ملکوں کے بینڈز نے پہلے الگ الگ اور پھر اکھٹے پرفارم کیا، اسٹرنگز کے فیصل کپاڈیہ اور بلال مقصود نے اپنے مشہور گانے، دور، سر کیے، زندہ اور ہو لال میری پیش کیے، فیصل اور بلال نے موقع کو تاریخی قرار دیا اور کہا میوزک اختلافات کو کم اور قوموں کے دلوں کو قریب لا سکتا ہے۔
بھارتی صدر نے اسٹرنگز کی پرفارمنس کو خوب سراہا اور بھارتی وزیر فاروق عبداللہ نے پاکستانی بینڈ کو آئندہ سال مقبوضہ کشمیر میں پرفارم کرنے کی دعوت بھی دے دی۔