کابل (جیوڈیسک) افغانستان نے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے افغانستان کے سرحدی علاقوں میں گھس کر 3 فوجیوں سمیت 11 افراد کو ہلاک کر دیا اور اگر آئندہ ایسا کوئی بھی حملہ ہوا تو اس کا بدلہ لیا جائے گا، کنڑ اور نورستان میں پاک فوج کے مبینہ راکٹ حملوں میں ایک شہری جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔
سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی میں ملوث 3 پاکستانی طالبان کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پیر کو رپورٹ میں افغان وزارت خارجہ ترجمان کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے افغانستان کے سرحدی علاقوں میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستانی سکیورٹی فورسز کے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے ضلع دنگم میں گھس کر افغان نیشنل آرمی کے اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔
افغان وزارت خارجہ کے مطابق حملے میں 3 فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ اس دوران مقامی افراد فوج کی مدد کے لئے پہنچے تو پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ان میں سے بھی 8 شہریوں کو ہلاک کر دیا۔