کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی کے رہائشی گیارہ سالہ لڑکے نے بھارتی نوجوان کا ریکارڈ توڑ ڈالا، ایک منٹ میں 57 ممالک کا نام لے کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروالیا۔
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد کے رہائشی 11 سالہ ایماز علی ابڑو نے چھوٹی سی عمر میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کردیا، گیارہ سالہ لڑکے نے ایک منٹ میں سب سے زیادہ 57 ممالک کے نام لے کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروالیا ساتھ ہی انہوں نے بھارتی نوجوان واجو بھالو کا ریکارڈ توڑ دیا۔
ہونہار بچے کا اپنی کامیابی کا کریڈٹ والدین اور استاد کو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اس میں میرے والدین کی دعائیں اور اساتذہ کی محنت شامل ہے، اللہ کا شکر ادا کرنا چاہتا ہوں کہ اللہ نے مجھے اتنی عزت دی، مجھے سکھایا گیا کہ کیسے ریکارڈ توڑنا ہے، میرے دادا دادی کی دعاؤں سے اس مقام پر پہنچا ہوں۔
بچے نے کہا کہ سوشل اسٹڈیز میں شروع سے ہی زیادہ نمبر لاتا رہا ہوں، یہ میرا پسندیدہ مضمون ہے اسی لیے ممالک کے نام پر توجہ دی، استاد نے مجھے گنیز ریکارڈ کی کچھ کیٹگریز دکھائیں، جیوگرافی اور میتھ کی کیٹگری مجھے زیادہ پسند آئی اس وجہ سے یہ کیٹگری منتخب کی، میں اپنے ملک کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں اور دنیا کو دکھانا چاہتا ہوں کہ ہمارا ملک کسی ملک سے کم نہیں ہے۔
والد کا کہنا تھا کہ ایمان نے خود محنت کی ہے، والدین کا اتنا کردار ہوتا ہے کہ جو بچہ کرنا چاہتا ہے اس میں ساتھ دیں، ایماز قرآن حفظ کر رہا ہے، اللہ کا شکر ہیں کہ اس نے ہمیں یہ دن دکھایا، استاد نے اچھی راہنمائی کی کیوں کہ وہ خود بھی پانچ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ہیں۔
استاد کا کہنا تھا کہ بہت خوشی ہوئی ہے کہ میری محنت رنگ لائی، ایماز کی کامیابی نے اس کے والدین سمیت پورے خاندان اور خصوصاً استاد کا سر بھی فخر سے بلند کردیا ہے۔