راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ نوجوان ہی ملک کے مستقبل کے رہنما ہوتے ہیں اور پاکستانی نوجوان ہر شعبے میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے امریکی کارنیل یونیورسٹی کے طلبہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستان کے پہلے دورے سے متعلق اپنے تجربات اور خیالات بیان کیے جب کہ آرمی چیف نےملک اور خطے میں قیام امن سے متعلق کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
امریکی طلبا نے پاکستان کو ایک خوبصورت اور پرامن ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وطن واپس جا کر سب کو بتائیں گے کہ پاکستان پرامن ملک ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے اقدامات کیے ہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جوانوں نے بڑی بہادری دکھائی ہے، نوجوان ہی ملک کے مستقبل کے رہنما ہوتے ہیں اور پاکستانی نوجوان ہرشعبے میں متحرک کردارادا کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی یونیورسٹی کے طلبہ نے لاہور، وادی ہنزہ، ریماؤنڈ ڈپو مونا اور اسلام آباد کا دورہ کیا ہے۔