اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سلور لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹل پشاور کے شہدا کے نام کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی نژاد باکسرعامر خان کا کہنا تھا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اگر پاکستانی حکومت کو بچوں کی تعلیم کے لئے ان کی خدمات کی ضرورت پڑیں تو وہ اس کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں امریکی باکسر ڈیوون الیگزینڈر کو شکست دے کر جیتا گیا سلور لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹل بھی شہدا پشاور کے نام کردیا جب کہ اس سے قبل انہوں نے 30 ہزار پاؤنڈ مالیت کا سونے کا شارٹ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کے لواحقین کو دینے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے 14 دسمبر کو امریکا کے شہر لاس ویگاس میں امریکی حریف ڈیوو الیگزینڈر کو شکست دے کر سلور لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور اسی فائٹ میں انہوں نے 30 ہزار پاؤنڈ مالیت کا سونے سے بنا شارٹ پہنا تھا۔