اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد پاکستانیوں کو عمرہ کی ادائیگی کیلیے سعودی عرب جانے کی اجازت ملنا شروع ہو جائے۔
وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے ٹیکسلا واہ کینٹ میں غلاف کعبہ و دیگر تبرکات مدینہ منورہ کی نمائش کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کیلیے مرحلہ وار تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے، آئندہ 2،3ہفتوں تک پاکستان کیلیے خصوصی اجازت نامہ جاری ہو جائیگا۔
اس موقع پر زیارت غلاف کعبہ ودیگرتبرکات ک زیارت کیلیے عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، غلاف کعبہ اور موئے مبارک کے ساتھ نعلین مبارک،روضہ مبارک کے اندرصفائی کیلیئے استعمال کیئے جانے والے چھوٹے جھاڑو کی زیارت کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران عراق کیلئے”زیارۃ پالیسی”ہوائی سفرکے ساتھ بائی روڈ ویزہ جاری کرنے کی بھی تمام ترحکمت عملی طے کرلی گئی ہے، وفاقی کابینہ میں بھی ہماری حکومت کی طرف سے ایران عراق جانے والے زائرین کو ہر طرح کی سہولیات اورتحفظ فراہم کرنے سے متعلق انتظامات کی بھی منظوری دیدی گئی ہے تاہم ایران اورعراق کی حکومتوں کی جانب سے کوروناکی وجہ سے جو پابندیاں ہیں، ان کے اٹھنے کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے ساتھ پاکستان کے تحریری معاہدات مکمل کرکے زیارات کیلیے جانے والوں کو بلاتاخیر ویزے جاری کر دیئے جائیں گے۔