لاہور (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان اگلے پانچ سال میں خطے کا سب سے اہم ملک بننے والا ہے ، لاہور میں ساوٴتھ ایشیا لیبر کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہناتھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے خطے میں خوشحالی آئے گی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محنت کشوں کی فلاح وبہبود کے لیے علاقائی تعاون خوش آئند ہے ، باہمی تعاون سے لاکھوں افراد کا معیار زندگی بہتر بنایا جاسکتاہے ، صدر مملکت نے یکم مئی سے لیبر پالیسی نافذ کرنے پر پنجاب حکومت کومبارکباد دی۔
صدر مملکت نے یقین ظاہر کیا کہ اگلے پانچ سال میں پاکستان خطے کا سب سے اہم ملک بن جائے گا اور اس کی بنیادی وجہ پاک چین راہداری کی تعمیر ہے ، اس سے نہ صرف دونوں ملکوں کو بلکہ خطے کے تمام ملکوں کو فائدہ ہو گا اور روزگا ر کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ صدر مملکت نے کہاکہ پولیو کے کیسز کی موجودگی کی وجہ سے پاکستانیوں پر بیرون ملک پابندی کی باتیں کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ملک میں امن و امان کا مسئلہ ہمارا اپنا پیدا کردہ نہیں۔