کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کے پرانے قرض کی قسط وار واپسی جاری ہے، ادائیگیوں کے باعث ملکی زرمبادلہ کے ذخائر ایک بار پھر 10 ارب ڈالر سے کم ہوگئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے ذخائر تقریبا 29 کروڑ ڈالرز کی کمی کے بعد 9 ارب 92 کروڑ ڈالر رہ گئے ہیں۔
اس وقت اسٹیٹ بینک کے پاس 4.6 ارب ڈالرز جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5.32 ارب ڈالرز موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کو قرض کی واپسی جاری رہنے اور ملک میں ڈالر کی آمد میں قابل ذکر اضافہ نہ ہونے کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہوئی ہے۔
پاکستان رواں سال عالمی ادائیگیوں کے بحران سے بچنے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام کیلئے 8 ارب 83 کروڑ ڈالر کا بیرونی قرض حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔