فلسطین کے بارے میں فیصلہ تبدیل نہیں ہو گا، یہ ایک ناقابل تغیر فیصلہ ہے: صدر ایوان ڈُوکے

Ivan Duque

Ivan Duque

کولمبیا (جیوڈیسک) کولمبیا کے صدر ایوان ڈوکے نے کہا ہے کہ سابقہ صدر جان مانوئیل سانٹوس کے دور میں “فلسطین کو آزاد حکومت تسلیم کرنے” سے متعلق کئے گئے فیصلے کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔

ایوان ڈُوکے نے کاراکول ریڈیو کے پروگرام میں شرکت کی اور اس سوال کے جواب میں کہ آیا وہ سابق صدر جان مانوئیل سانٹوس کے دورِ حکومت کے آخری دنوں میں کئے گئے فیصلے کو برقرار رکھیں گے یا نہیں؟ ڈُوکے نے کہا کہ “یہ ایک ناقابل تغیر فیصلہ ہے”۔

کولمبیا کے آئین میں صدور کو خارجہ پالیسی میں ملک کی نمائندگی کا حق حاصل ہونے کی یاد دہانی کرواتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوبل انعام یافتہ سانٹوس نے فیصلے کا اعلان کرنے سے قبل اس بارے میں مجھے مطلع کیا تھا۔

واضح رہے صدر جان مانوئیل سانٹوس کے عہدِ حکومت کی مدت 7 اگست کو پوری ہو رہی تھی اور اس سے چار روز قبل یعنی 3 اگست کو انہوں نے فلسطین کے بارے میں فیصلہ جاری کیا جس کی رُو سے کولمبیا فلسطین کو ایک آزاد اور خود مختار حکومت کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔